وزیر اعلیٰ سندھ جامعہ کراچی کے لیے 2ارب روپے کی اضافی گرانٹ فوری جاری کریں ، جماعت اسلامی کا مطالبہ

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی نے جامعہ کراچی کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے تمام مطالبات کی حمایت کر دی ، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان نے پیر کو جامعہ کراچی کے ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں تاکہ ان کے اندر پائی جانے والی بے چینی و اضطراب دورہو، فاروق فرحان نے مطالبہ کیا کہ جامعہ کراچی کو فوری طور پر 2ارب کی اضافی گرانٹ جاری کی جائے اور باقاعدہ ملنے والی گرانٹ میں بھی اضافہ کیا جائے ۔

احتجاجی ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں ،  ،ملازمین کے انکریمنٹ کے چار مہینے کے بقایاجات بھی فوری ادا کیے جائیں ،ملازمین کو قواعد و ضوابط کے مطابق کئی سال سے ترقی نہیں دی گئی انہیں ترقی دی جائے ،ملازمین کے بچوں کو دی جانے والی تعلیمی اسکالر شپ بند بھی بحال کی جائے ،تین سال سے ملازمین کو لیوانکیشمنٹ نہیں دی گئی ، یہ لیوانکیشمنٹ ادا کی جائے ۔ فاروق فرحان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی جامعہ کراچی کے ملازمین کے ساتھ ہے ، جامعہ کراچی شہر کی سب سے بڑی مادر علمی ہے اسے سندھ حکومت کے ہاتھوں ہر گز تباہ نہیں ہونے دے گی ، جامعہ کراچی کے طلبہ ، اساتذہ اور ملازمین کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی میں بھی آواز اُٹھائی جائے گی ۔