اہل غزہ نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا ہے، اب قربانیوں کی داستان رنگ لائے گی، راشد نسیم

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے مسجد الاعلیٰ اچھرہ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا ہے، اب قربانیوں کی داستان رنگ لائے گی، شہدا کی قربانیوں کی خوشبو سے پوری انسانیت مستفید ہو رہی اور ظلم و سفاکیت کے خلاف ہر طرف آوازیں اٹھ رہی ہیں، امریکا، فرانس کے تعلیمی ادارے ہوںیا برطانیہ، یورپ اور آسٹریلیا کی سڑکیں ہر طرف لوگ اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، کولمبیا نے صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس موقع پر امت مسلمہ کے حکمران اپنے محلوں میں سوئے ہوئے ہیں اور امت کے جذبات کی ایک فیصد بھی ترجمانی نہیں کر پا رہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران جو ایک ایٹمی اسلامی ملک کے کرتا دھرتا ہیں بھی اہل فلسطین کی مدد کے لیے کوئی آواز یا عملی قدم نہیں اٹھارہے، ملک کی نام نہاد تین بڑی سیاسی پارٹیاں بھی خاموش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہی ہے، عوام دہرے معیارات کی حامل اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے والی پارٹیوں کو پہچان لیں۔