پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کیلئے تربیتی سیشن کا آغاز


لاہور(صباح نیوز) پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کیلئے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے انسانی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں، تمام تر وسائل صوبے کے عوام پر خرچ کریں گے ۔ایئر ایمبولینس سروس کو دیگر صوبوں میں ایمرجنسی کی صورت میں مدد کے لئے فراہم کیا جائے گا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایئر ایمبولینس سروس پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری فنانس، ڈی جی ریسکیو سروسز اور دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی ایئر ایمبولینس سروس کے لئے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی، دوردراز علاقوں میں حادثے کی صورت میں ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی، انسانی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں، تمام تر وسائل صوبے کے عوام پر خرچ کریں گے۔مریم نواز نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ایئر ایمبولینس سروس مہیا ہو گی، ایئر ایمبولینس سروس کو دیگر صوبوں میں ایمرجنسی کی صورت میں مدد کے لئے فراہم کیا جائے گا۔