ہم کام کریں گے اورکرتے رہیں گے،ہمارا کام بولے گا:مریم نوازشریف

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ضمنی انتخابات میں فتح یاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پرعوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام نے ثابت کردیاکہ وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور رکھتے ہیں ۔عوام جان چکے ہیں کہ ان کی ترقی کیلئے محمد نوازشریف کی قیادت ضروری ہے ۔انہوںنے کہا کہ قوم کی ترقی اورعوام کی خدمت صرف مسلم لیگ (ن) کا شعارہے۔پنجاب کوآگے لیکر جائیںگے،ترقی کا سفرہر روز تیز تر ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد سے نوازا ہے۔ہم کام کریںگے اورکرتے رہیںگے،ہمارا کام بولے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ پولیس اوردیگر اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا

دریں اثنا ء وزیراعلی مریم نوازشریف نے”ارتھ ڈے2024” پراپنے پیغام میں کہا کہ زمین تباہ ہوئی تو انسان اور کوئی جاندار بھی زندہ نہیں بچے گا۔ پنجاب حکومت نے”ارتھ ڈے” سے پہلے ماحول دوست گرینڈپلان پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے۔ آج” ارتھ ڈے” پنجاب کے ہر ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منایاجا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہNo to Plasticمہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کو سرسبز بنانے، سموگ ، زہریلے دھوئیں سے پاک کرنے اور انسانی صحت بہتر بنانے کے تاریخی اقدامات پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری درخت لگا کر، شاپنگ بیگز استعمال نہ کرکے زمین کی زندگی بڑھا سکتا ہے۔ الیکٹرک بسوں، ماحول دوست ایندھن، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے ماحولیاتی مسائل حل کریں گے۔ پلاسٹک سے بنے تھیلے اور دیگر اشیاء جلانے سے پیدا ہونے والا زہریلا دھواں کینسر اور دیگر بیماریاں پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتالوں اور علاج کی سہولیات کی طرح ماحول کی بہتری کیلئے پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری بھی انسانی صحت اور زندگی کو بہتر بنانے کے عمل کا حصہ ہے۔ 5 جون سے پنجاب بھر میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ ”ارتھ ڈے” پر”نو ٹو پلاسٹک” کے پیغامات جاری کئے جا رہے ہیں، قومی اور سوشل میڈیا پرخصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دکاندار، شاپنگ مالز، ریستوران، تندوروں سمیت تمام لوگوں سے اپیل کی کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کرنے کی مہم کا ساتھ دیں ، انسانی صحت کو بہتر بنانے اور سموگ کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ گھروں میں بھی پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک کی دیگر اشیاء خاص طور پر کھانے پینے کے برتن استعمال نہ کریں۔ شہری اور میڈیا ماحول اور انسانی صحت کے اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور مہم کوکامیاب بنانے میںمدد کریں۔ ”ارتھ ڈے ”اور ماحول کی بہتری کے لئے طالب علموں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں، نصاب میں مضامین شامل کررہے ہیں