اسلام آباد (صباح نیوز)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بلوچستان میں آج بدھ سے شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ 17 اپریل سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث کیچ، گوادر، آوران، خاران، پنجگور، نوشکی قلات سمیت مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاوہ ملک کے دیگرعلاقوں میں مطلع جزوی طورپر ابرآلودرہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات سے جاری ہونے والے انتباہ کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم جنوب مغربی بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بدھ کے روزموسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم بلوچستان میں بیشتر مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش / ژالہ باری کابھی امکان ہے۔اسی طرح اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ خیبرپختونخواصوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم شام/رات میں وزیرستان ،ٹانک،بنوں اور کرم میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔بلوچستان کے علاقوں گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، پسنی ،اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ہرنائی، کوئٹہ، زیارت، چمن،پشین،قلعہ سیف اللہ، مستونگ، شیرانی ،ڑوب، موسی خیل اور بارکھان میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر شدید/ موسلادھار بارش اور ڑالہ باری کابھی امکان ہے۔سندھ میں شام اور رات میں دادو، لاڑکانہ ،جیکب اباد، پڈعیدن ، قمبر شہدادکوٹ،میرپور خاص،سانگھڑ،جامشورو، حیدر آباد، کراچی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسی طرح کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے