باجوڑ (صباح نیوز) ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ باجوڑ کے علاقے ماموند میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں اے ایس آئی بخت زادہ شہید جبکہ پولیس اہلکار احسان اللہ زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کر دیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں اے ایس آئی بخت زادہ کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے شہید اے ایس آئی بخت زادہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے ۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ اے ایس آئی بخت زادہ شہید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ زخمی کانسٹیبل احسان اللہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔علی امین گنڈاپور نے پولیس کے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔انہوں نے شہید اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا اور متعلقہ حکام کو شہید کے اہل خانہ کو شہدا پیکج کے تحت امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کردی۔اپنے بیان میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔