سیکیورٹی فورسز کی ڈیرہ ، پنجگور اور شمالی وزیرستان میں کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک


 ڈیرہ اسمعیل خان  (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعیل خان ، پنجگور اور شمالی وزیرستان میں  فورسز کی کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک  ہوگئے۔  سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ضلع ڈیرہ اسمعیل خان میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی کی کارروائیوں میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 5 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسمعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا، مزید بتایا کہ علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے  دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور انہیں جہنم واصل کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کے لیے پر عزم ہیں۔دوسری جانب بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں بھی پاک فوج نے کارروائیاں کر کے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اسد حسرت سمیت 2 دہشت گردوں مارے گئے اور مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔مارے گئے دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران اپنے ہی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر موثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔