اسلام آباد (صباح نیوز) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم یوم القدس پر اسرائیلی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی یوم القدس اور جمعة الوداع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ گزشتہ 7دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنے اس قبضے کو قائم رکھنے کیلئے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس اکتوبر سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے مزید پہاڑ توڑ رہا ہے، غزہ میں اب تک 32ہزار فلسطینی بشمول 17ہزار بچے شہید اور 70ہزار لوگ زخمی ہوئے، ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا، ان تک امدادی اشیا کی رسائی کو روکا گیا اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود بمباری جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوںنے کہا کہ میری پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعة الوداع کے موقع پر گزارش ہے کہ وہ رمضان کی برکتیں سمیٹتے وقت اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور رب کے حضور ان کی مشکلات کی آسانی کی دعا کریں۔وزیراعظم نے قوم سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ جمعة الوداع کے با برکت دن کے وسیلے سے اپنی عبادات اور دعاؤں میں پاکستان کی امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں، اللہ رب العزت نے 27 رمضان المبارک کو ہمیں یہ علیحدہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد تحفے میں عطا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جمعة المبارک کے طفیل پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ کرے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کا عزم، حوصلہ اور ہمت عطا کرے، آمین۔