کوئٹہ(صباح نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر سے کشتی کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق بلوچستان کے علاقے گوادر میں خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
گوادر کے نشیبی علاقے کے راستے منشیات اسمگلنگ کی مصدقہ اطلاعات موصول ہونے پر سرچ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے آپریشن کے دوران شرابی ٹریک کے علاقے میں سمندر کنارے کشتی کے ذریعے چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی۔
کارروائی کے دوران کرسٹ گارڈز کی سرچ ٹیم کو دیکھ کر اسمگلر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشتی اور منشیات چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ کارروائی میں 164کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔