بھارتی یوم جمہوریہ، ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات بھارتی فوج ہائی الرٹ


جموں:مقبوضہ کشمیرکے جموں میں  بدھ کوبھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات بھارتی فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ، وہیں میدانی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ گذشتہ قریب دو ہفتوں سے جاری ہے ۔

سرمائی دارالحکومت جموں جہاں ایم اے اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہو نا تھی جس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا  نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی ، کے ارد گرد سخت سیکورٹی پہرہ بٹھایا گیا تھا ۔ جموں شہرمیں جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جہاں نہ صرف ہر آنے جانے والی گاڑی بالخصوص دوپہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی  ، بلکہ ان میں سوار افراد کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ ان سے پوچھ گچھ کی جاتی  رہی ۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے کہا کہ جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی مستعد ہیں اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے اہل ہیں۔صوبہ جموں کے آئی جی پی نے بتایا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا ‘سیکورٹی کو ہر سال 26 جنوری کے موقع پر ہائی الرٹ پر رکھا جاتا ہے ۔ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ایم اے اسٹیڈیم  کے احاطے اور اس کے نزدیکی علاقوں میں تلاشیوں کا سلسلہ گذشتہ قریب ایک ہفتے سے جاری رہا ۔ مشتبہ نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی  تھی