اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانا وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی صورت میں قریبی اور پائیدار شراکت داری خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے جمعرات کو ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژئی ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
چینی سفیر نے عطااللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سی پیک، پاک چین سٹریٹجک تعلقات، میڈیا اور فلم کے شعبے میں جاری تعاون اور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کے انسداد کے لئے حکومت سے حکومت اور میڈیا سے میڈیا کی سطح پر میکنزم وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1998میں میرے دادا رفیق تارڑ نے بطور صدر چین کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ان کا استقبال کیا، پاک چین دوستی ہم نے نسل در نسل دیکھی ہے، ہمیں اپنی نئی نسل کو اپنی تاریخی اور مضبوط دوستی کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔ ہمیں نئی نسل کو بتانا ہوگا کہ کس طرح چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین نے شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر پاکستان کی حمایت کی، دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کی صورت میں قریبی اور پائیدار شراکت داری خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پک پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی رابطوں کا ایک ایسا فریم ورک ہے جس سے نہ صرف چین اور پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ایران، افغانستان، ہندوستان، وسطی ایشیائی جمہوریہ اور خطے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کی جانب ایک اہم سٹریٹجک اقدام ہوگا، اس کا مقصد ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور معلومات کے تبادلے کی طاقت کو بروئے کار لانا ہے، وزارت اطلاعات اس حوالے سے اپنا کام جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانا وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کی طرح پاکستان بھی ایک قدیم تہذیب ہے جس کی تاریخ سات ہزار سال پرانی ہے، پاکستان کی وادی سندھ سے بہت سی روحانی اور ثقافتی تحریکیں ابھریں جنہوں نے ایشیائی ثقافت کی شکل اختیار کی۔ پاکستان کی قدیم گندھارا تہذیب نے بدھ مت کو چین سمیت مشرقی ایشیا کے بڑے حصے میں متعارف کرایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے گزشتہ سال پیلس میوزیم میں گندھارا بدھسٹ نمائش کا مشترکہ طور پر اہتمام بھی کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایس ڈی جیز کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رومینہ خورشید عالم ایس ڈی جیز پروجیکٹ کے حوالے سے چین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ملاقات میں پاکستان کے قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور چین کے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی)کے درمیان تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے لئے ایم او یو کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان فلم پروڈکشن کا معاہدہ بھی زیر عمل ہے، اے پی پی اور شنہوا نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر کام جاری ہے۔ ملاقات میں سی جی ٹی این اور پی ٹی وی کے درمیان سفری دستاویز کی مشترکہ پروڈکشن کے لئے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ چین کے سفیر نے پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔