ہرنائی (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکا ہوا، دھماکے سے کان بیٹھنے کے بعد پھنسے 18 میں سے10افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ہرنائی کے علاقے زردآلو میںواقع نیر جلات خان کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کان دھنسنے سے 18 کان کن پھنس گئے تھے، جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، ساتھ ہی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی تھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دو ٹیمیں ہرنائی بھیج کر ایک ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنسے کان کنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیوآپریشن کیا گیا۔
دوسری جانب چیف مائنز انسپکٹر رشید ابڑوکے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران10کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ کوئلہ کان سے 8کان کنوں کو زندہ نکالا گیا ہے۔ دولاشوں کی شناخت عبدالغفوراور صبور کے نام سے ہوئی ہے۔