مغرب زدہ لوگ معاشرے میں بگاڑ کے ذمہ دار ہیں۔راشد نسیم

کراچی(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے سعدی ٹاؤن کراچی میں دعوت افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ کی تربیت دیتا ہے اور ایسے انسان تیار کرتا ہے جو انسانیت کی معراج پر فائز ہو سکتے ہیں۔ روزہ انسان کو سکھاتا ہے کہ کسی ظاہری قانون کے نہ ہوتے ہوئے بھی اللہ تعالیٰ کا خوف اور احکامات کی پابندی ذہن میں سرایت ہو اور ہر وہ کام انجام دیا جائے جس سے معاشرے میں بہتری آئے۔

انھوں نے کہا کہ نام نہاد مغربی تعلیمی ادارے جو پراڈکٹ تیار کر رہے ہیں وہ اخلاقی اور مالی کرپشن میں ملوث ہیں۔ رمضان انسان کومالی و اخلاقی لحاظ سے مضبوط بناتا ہے۔ روزہ سے وہ انسان تیار ہوتا ہے جو عورت کی عصمت کا تحفظ کرے، مال میں خیانت نہ کرے اور جب اسے کوئی ذمہ داری دی جائے تو اسے پوری ایمان داری سے پورا کرے۔ انھوں نے کہا کہ مغرب زدہ لوگ معاشرے میں بگاڑ کے ذمہ دار ہیں، اہل ایمان اور تقویٰ والے لوگ آگے آئیں گے تو ہی دنیا میں امن اور خوشحالی آئے گی۔