آئی ایم ایف کے پاس جانا اور قومی اداروں کی نجکاری ملک وقوم کے ساتھ دشمنی ہے محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا اور قومی اداروں کی نجکاری ملک وقوم کے ساتھ دشمنی ہے، بجلی کے ٹیرف میں مزید اضافے کی یقین دھانی بے حس حکمران ٹولے کی عوام دشمن فیصلوں کا تسلسل ہے،آئی ایم ایف کی قرض ٹرم شیٹ مسترد کرتے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کی ایما پر قومی اداروں کی نجکاری قبول نہیں، حکومت آئی ایم ایف مشن سے اگلی قسط پر نہیں، مزید غلامی پر مذاکرات کر رہی ہے۔رمضان کے مبارک مہینے میں مہنگائی رکارڈ سطح پر پہنچ چکی جبکہ حکمران ٹولہ اپنی مشہوری کیلئے قومی دولت کی لوٹ مار اور فوٹوسیشن کے ذریعے عوام کے زخموں پر نمک پاشی میں مصروف ہے۔دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ اور خیر کے سرچشمے ہیں اہل خیر دینی اداروں کی بھرپور امداد کرکے دینی مدارس میں پڑھنے والے بچوں کی سرپرستی کریں۔ جمعیت طلبہ عربیہ کی جانب سے داخلہ مدارس مہم خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منتظم صوبہ جمعیت طلبہ عربیہ سندھ حافظ حذیفہ احمد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ منتظم صوبہ نے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کو آگاہ کیا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت یکم تا 15رمضان ”داخلہ مدارس مہم”جاری ہے اس مہم کا مقصد ملک میں تعلیم کے فروغ،جہالت کا خاتمہ اور مدارس دینیہ میں طلبہ کو داخلوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ گذشتہ دوسال کے دوران جمعیت طلبہ عربیہ کی کوششوں سے 13556طلبہ کو تعلیمی اداروں میں داخلہ بلکہ ان کی ہر حوالے سے رہنمائی وسرپرستی کی گئی ہے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں۔جماعت اسلامی دینی مدارس سمیت نظریہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔