کراچی (صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن کراچی کا پہلا ٹاؤن بن گیا ہے جہاں چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا کر کمپلین ایپ متعارف کروادی ہے جہاں سنگل ٹچ پر گلشن اقبال ٹاؤن کے مکین اپنی مطلوبہ شکایت درج کرواسکیں گے ۔.https://complain.tmcgulshan.
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے ایپ کے متعلق افسران کی بریفنگ میں کہا کہ دیانت داری کے ساتھ عوامی مسائل کو حل کرنے کی جانب گامزن ہیں جیسے جیسے آگے بڑھ رہے ہیں ۔گلشن اقبال ٹاؤن کو کراچی کا مثالی ٹاؤن بنانے کے قریب لے جارہے ہیں ،رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایپ متعارف کروائی ہے جس کا بنیادی مقصد گلشن اقبال ٹاؤن کے مکینوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور بروقت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔
ایپ متعارف کرنے کے ساتھ محکمہ جات کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ موصولہ شکایات کے ازالے کو ممکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ایپ پر موصولہ شکایات اور اس کے ازالے کی رپورٹ کو بذات خود مانیٹر کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ ایپ میں پانی،سیوریج اور کچرے سے متعلق بھی شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں جسے متعلقہ افسران کو بھیج کر رپورٹ حاصل کی جائے گی ۔