مظفر آباد (صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مولانا غلام نبی نوشہری کی رفیقہ حیات تحریک آزادی کی ایک مجاہدہ تھیں۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے حزب کمانڈ کونسل اور متحدہ جہاد کونسل کے زیراہتمام الگ الگ اجلاسوں میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور تحریک آزادی کے معروف رہنما مولانا غلام نبی نوشہری کی رفیقہ حیات جو اللہ کو پیاری ہوگئیں،نہایت نیک،تہجد گزار اور ہر حال میں مطمئن رہنے والی خاتون تھیں۔ میں ذاتی طور پر اس کا گواہ ہوں کہ جب مولانا نوشہری وادی میں جماعت اسلامی کے رہنما کی حیثیت سے بھارتی اور ریاستی کٹھ پتلی حکمرانوں کے عتاب کا شکار تھے،تو ان سخت حالات میں بھی مرحومہ نے ان کی دلجوئی کی اور صبر آزما زندگی میں مکمل ساتھ دیا اور کبھی شکوہ تک بھی نہ کیا۔ہجرت جیسے صبر آزما مرحلے پر بھی کوئی کمزوری نہیں دکھائی۔سب کچھ چھوڑ کرمہاجرت کی زندگی کو قبول کیا اور مہاجرت کی ہی حالت میں اپنے رب سے جاملی۔ملت کی مائیں ایسی ہی ہوتی ہیں جو سخت ترین حالات میں بھی نہ صرف خود بلکہ اپنے پورے خاندان اور قبیلے کو بھی حوصلہ دیتی ہیں اور اسلام کی بالا دستی کیلئے اپنے آہنی عزم کے ساتھ کھڑی رہتی ہیں۔
مرحومہ تحریک آزادی کی ایک مجاہدہ تھیں اور اس تحریک کی کامیابی کیلئے پر عزم تھیں۔چیئرمین متحدہ جہاد کونسل نے مرحومہ کی جدائی کو انتہائی تکلیف دھ قرار دیا لیکن اس حقیقت کا بھی اظہار کیا کہ ہر ذی روح کو اس عارضی ٹھکانے سے مستقل ٹھکانے کی طرف جانا ہے۔سید صلاح الدین نے اجلاسوں کے اختتام پر مرحومہ کی جنت نشینی اور مولانا غلام نبی نوشیری اور آر پار پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ایسی پاکباز ماں اور بہنوں کی آخری سانس تک جہد مسلسل ضائع نہیں ہونگی۔تحریک آزادی کشمیر ہر محا ذپر جاری رہے گی اور کسی بھی طالع آزما اور سازشی عناصر کو اس کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ان شا اللہ ملت مظلومہ کشمیر ضرور آزادی کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھے گی۔