مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف آئینی و قانونی جنگ و جمہوری جدو جہد جاری رکھیں گے ،حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی دھاندلی زدہ انتخابات میں مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف آئینی و قانونی جنگ لڑے گی اور سیاسی و جمہوری جدو جہد جاری رکھیں گے ، عوامی خدمت اور  اقامت دین کی جدو جہد کا سفر جاری رہے گا ، زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور ظلم و استحصال کا نظام زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا ۔ رمضان المبارک نزول قرآن ، جہاد اور انفاق فی سبیل اللہ کا مہینہ ہے اور پیغام دیتا ہے کہ ہم قرآن کی طرف لوٹیں اور قرآن کے نظام کو معاشرے میں نافذ کرنے کی جدو جہد کریں ۔ ماہ رمضان میں ہی غزوہ بدر ہوا جس میں چند جانثاران مصطفےٰ نے اپنے سے کئی گناہ زیادہ کفار کے لشکر کو شکت دی ۔ اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے دوران غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 30ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، حکمران خواہ اہل غزہ و فلسطینی  مسلمانوں کو بھلا دیں لیکن عوام نہیں بھلائیں گے ۔ اسرائیل و امریکہ کی مذمت اور اہل غزہ سے یکجہتی جاری رہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجران سبزی و فروٹ منڈی کی جانب سے بابو محمد یوسف ایم ڈی ایس نیو سبزی منڈی میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ میں ”رمضان اور انفاق فی سبیل اللہ ” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ استقبالیے سے امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء ضلع اکرم قریشی ، خالد صدیقی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ناظم علاقہ جونجھار گوٹھ سید عاصم علی ، ناظم سبزی منڈی محمد خالد بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نیو سبزی منڈی نعمت اللہ خان نے اپنے دور نظامت میں تھوڑے عرصے کے دوران مکمل کروائی اور ضروری سہولیات بھی فراہم کیں مگر بدقسمتی سے بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی اور آج یہاں موجود تاجران بجلی ، پانی ، گیس سمیت دیگر سہولیات نہ ہونے کے باعث مسائل کا شکار ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے بلدیاتی انتخابات اور کراچی کی میئر شپ پر قبضہ نہ کیا جاتا تو جماعت اسلامی اس نیو سبزی منڈی کے تاجروں کے مسائل ضرور حل کرواتی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی جماعت ہے ، ہمارے کارکنان عوام کے ساتھ رہتے ہیں ، جماعت اسلامی دیگر پارٹیوں کی طرح کسی کی جاگیر ، پراپرٹی یا خاندانی جماعت نہیں ہے ، جماعت اسلامی میں کارکنان اور ذمہ داران مل کر پارٹی کو چلاتے ہیں ، پارٹی کو جاگیر اور پراپرٹی بنانے والی پارٹیوں نے ہی ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے اور اقتدار میں آکر تباہی اور بربادی پھیلائی ہے ۔ پورے ملک میں جو نظام رائج ہے اس میں مظلوم اور غریب عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ عدل و انصاف کا نظام موجود نہیں ۔ جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف کے نظام کے قیام کی جدو جہد کر رہی ہے ۔ قرآن کو تھامنے اور قرآن کے نظام کو نافذ کرنے سے ہی عدل و انصاف کا بول بالا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ، الخدمت کے پلیٹ فارم سے غریبوں ، مسکینوں ، یتیموں اور مستحقین کی مدد میں مصروف ہے ۔ گلشن معمار میں آغوش سینٹر قائم ہو چکا ہے جس میں بے سہارا بچوں کی کفالت کی جاتی ہے ۔ شہر بھر میں میڈیکل سینٹر ز اعلیٰ اور معیاری لیبارٹریز اور فارمیسز سرگرم عمل ہیں ، بڑ ی تعداد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں ، 25ہزار بچوں اور بچیوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کروائے جا رہے ہیں ، سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لیے بھی سب سے زیادہ خدمات الخدمت نے انجام دیں ۔ گڈاپ ٹائون کے دور دراز گوٹھوں اور دیہاتوں میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء اور رہائش کا بندو بست کیا ۔ پسماندہ علاقوں میں بڑی تعداد میں بیٹھک اسکول کام کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی  کی دعوت سب کے لیے ہے ، جماعت اسلامی میں شامل ہو کر عوامی خدمت اور دعوت دین کی جدو جہد کا حصہ بنیں ۔عرفان احمد نے کہا کہ رمضان رحمت و مغفرت اور نیکیوں کا موسم بہار ہے اور ہمیں اپنے رب سے اور قرآن سے تعلق جوڑنے کا پیغام دیتا ہے ۔ رمضان میں زیادہ سے زیادہ نیکیوں اور عبادات کی طرف بڑھنا چاہیئے کیونکہ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالی ایک نیکی کے بدلے 70نیکیاں عطا فرماتا ہے ۔#