نوابشاہ/لاڑکانہ(صباح نیوز) نوابشاہ اور لاڑکانہ میں ٹریفک حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور15زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سندھ کے شہر نوابشاہ کی تحصیل قاضی احمد میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرک نے بارتیوں کی وین کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور دیگر 15زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں پی ایم یو ہسپتال نواب شاہ منتقل کردیا گیا، باراتیوں کا تعلق سولنگی برادری سے ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ باراتیوں کی وین دولت پور سے سکرنڈ جارہی تھی، ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک کو تحویل میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب لاڑکانہ میں موہن جو داڑو کے قریب موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہو گئے۔