بھارتی وزیر اعظم مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے سلسلے میں سری نگر کو فوجی چھاونی میں بدل دیا گیا


 سری نگر—بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے سلسلے میں سری نگر کو فوجی چھاونی میں بدل دیا گیا ہے ۔ نریندر مودی بی جے پی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں 7مارچ کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے،سرینگر میں نام نہاد سکیورٹی اقدامات کے تحت اضافی فورسز اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

کے پی آئی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی 7مارچ کو  سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ایک ریلی  سے  خطاب کیلئے سرینگر کا دورہ کریں گے ۔دورے سے ایک ہفتہ قبل ہی ڈل جھیل سرینگر کے کنارے واقع کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر کے گرد سیکورٹی اقدامات کو سخت کر دیا گیا ہے جہاں نریندر مودی ایک عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے بھارتی فورسز کی اضافی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔

مقبوضہ علاقے خصوصا سرینگر میں بھارتی فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں ۔ قابض بھارتی فورسز کے اہلکار سرینگر میں باقاعدہ گشت کر رہے ہیں اور راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں ۔خاص طور پر ڈل جھیل اور اس کے گردواقع علاقوں کی فضائی نگرانی کیلئے ڈرونز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں بھارتی فورسز کا گشت بڑھادیاگیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ ایک مہینے سے بھی کم وقت میں  بھارتی وزیر اعظم کا  یہ دوسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔20 فروری کو انہوں نے دورہ جموں کے دوران مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یہ نریندر مودی کا پہلا دورہ کشمیر ہوگا۔