امیر جموں وکشمیر اسلامک فرنٹ کا پروفیسر اعظم چیمہ کو شاندار خراجِ عقیدت

مظفرآباد( صباح نیوز) جموں وکشمیر اسلامک فرنٹ کے امیر اور متحدہ جہاد کونسل کے سینئررہنماء بلال احمد بیگ نے پروفیسر اعظم چیمہ کو ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے مثالی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے پروفیسر اعظم چیمہ کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی تحریک آزادی کشمیر کے رہنما ؤں پروفیسر اعظم چیمہ ، نذیر احمد بٹ اور راجہ علی گوہر خان کو خرا ج عقید ت پیش کرنے کے لئے تنظیم کے ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال احمد بیگ نے کہا کہ شہید پروفیسر اعظم چیمہ نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادیِ کشمیر کیلئے وقف کی تھیں وہ روشن مینار ہے جس کو یاد رکھتے ہوئے ہماری آنے والی نسلیں تحریکِ آزادی کو اپنی جان سے زیادہ مقدم رکھنے کے عزم کو جلا بخشتی رہیں گی۔ انہی لازوال قربانیوں کے سبب مظلوم کشمیریوں کے خالی ہاتھ لڑے جانے والے جہاد سے آج سنگدل ، سفاک ، بے رحم اور پوری طرح مسلح بھارتی افواج خوفزدہ اور بے بس ہو گئی ہیں ،پروفیسر اعظم نے لاتعداد نوجوانوں میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت جگایا ، ان نوجوانوں نے اپنی زندگیاں تحریکِ آزادیِ کشمیر پر نچھاور کرکے اپنے استاد کے اسباق کو عملی جامہ پہنایا، ۔اجلاس میں نذیر احمد بٹ اور راجہ گوہرعلی خان کی عظیم الشان قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا جنہوں نے اپنے وطن کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا ۔گھر بار اور وطن عزیز کو چھوڑا لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر تسلیمِ خم نہیں کیا۔ صبر و ثبات کیساتھ زندگی گزاری اور ایمان و یقین کے راستے پر چل کر اللہ کے حضور پیش ہوئے۔اجلاس میں پروفیسر محمد اعظم چیمہ ، نذیر احمد بٹ اور راجہ علی گوہر خان کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرنے کے علاہ ان کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی گئی ۔