مظفرآباد: حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ پروفیسر محمد اعظم چیمہ،نذیر احمد بٹ اور راجہ علی گوہرخان تحریک آزادی کشمیر کے روشن چراغ تھے ،جوہم سے جدا ہوگئے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کی ۔اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کے ان تینوں رہنماؤں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ان کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔
اجلاس میں پروفیسر محمد اعظم چیمہ کی جہادی خدمات کو سرا ہتے ہوئے کہا گیا کہ موصوف نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کی تھیں۔وہ بیباک،نڈر اور داعی جہاد تھے۔ علم و عمل کا ایک عملی نمونہ تھے جو اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے ہر وہ عہد پورا کرنے میں سرخرو ٹھرے ،جس کا اعادہ اپنی زندگی میں کیا تھا۔انہوں نے لاتعداد نوجوانوں میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت جگایا،ان نوجوانوں نے اپنی زندگیاں تحریک آزادی کشمیر پر نچھاور کرکے اپنے استاد کے اسباق کو عملی جامہ پہنایا۔
اجلاس میں نذیر احمد بٹ اور راجہ گوہرعلی خان کی عظیم الشان قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا جنہوں نے راہ حق میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا ۔گھر بار اور وطن عزیز کو چھوڑا لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔صبر وثبات کیساتھ زندگی گزاری اور ایمان ویقین کے راستے پرچل کر اللہ کے حضور پیش ہوئے۔اللہ تعالی مرحومین کی جہادی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل اور اجر عظیم سے نوازے۔