کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ایم کیو ایم جیسی ریجیکٹڈ پارٹی کو جعلی فارم 47 کے نتائج کے مطابق کراچی کے عوام پر مسلط کیا گیا، مصطفی کمال اور گورنر سندھ کے اعتراف کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس کوئی جواز نہیں رہا،الیکشن کمیشن فوری طور پر جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر فارم 45کے مطابق نتائج کا اعلان کرے،
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گورنر سندھ اور ایم کیو ایم کے مصطفی کمال کی ویڈیو لیکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ8فروری کو کراچی سمیت پورے ملک میں انتخابات ہوئے جس کے نتائج 9 اور 10 فروری کو جعلی فارم 47 کے مطابق سنائے گئے۔ ایم کیو ایم جیسی ریجیکٹڈ پارٹی کو جعلی فارم 47 کے نتائج کے مطابق کراچی کے عوام پر مسلط کیا گیا۔
جماعت اسلامی کا شروع دن سے ہی یہی موقف تھا کہ فارم 45 کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کراچی کے کسی ایک پولنگ اسٹیشنز سے بھی نہیں جیتی۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ساڑھے پانچ ہزار پولنگ اسٹیشنز اور 19ہزار پولنگ بوتھ ہیں لیکن ایم کیو ایم کسی ایک سے بھی نہیں جیت سکی۔ انتخابات سے قبل ہی ایم کیو ایم کو بیلٹ پیپرز کی بکس فراہم کردی گئیں تھیں۔
ایم کیو ایم بیلٹ پیپرز کی بکس کے ذریعے سے دھاندلی کرنے میں ناکام ہوگئی تو انہیں فارم 47 کے مطابق جتوادیا گیا۔ ایم کیو ایم کے مصطفی کمال اور گورنر سندھ کے اعتراف کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس کوئی جواز نہیں رہا۔ حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر فارم 45کے مطابق نتائج کا اعلان کرے۔ انہو ںنے کہاکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قوم کے سامنے بیان دیا ہے کہ ملک میں 200 فیصد جعلی مینڈیٹ والے مسلط ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری وعدہ معاف گواہ بن جائیں اور بتادیں کہ کس طرح رجیکٹڈ پارٹی کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔ اگر کامران ٹیسوری وضاحت کریں گے تو آئندہ جمہوریت کو پامال نہیں کیا جاسکے گا۔ امیر جماعت کراچی نے کہا کہ کراچی کی ماں بہنوں اور بیٹیوں کی توہین ہے کہ زبردستی مسترد شدہ پارٹیوں کو پھر سے مسلط کیا گیا ہے۔ کراچی میں ووٹ صرف اور جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی ک آزاد امیدواروں کو ہی ملا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری انتخابات میں کی جانے والی بے ضابطگی اور جعلی مینڈیٹ کے حوالے سے حقائق قوم کے سامنے پیش کریں