برفباری سے بند شاہرات کو کھلارکھنے کیلئے حکومت اقدامات کرے،ڈاکٹر خالد محمود


راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وادی نیلم،لیپہ اور حویلی میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے ،شاہرات کو کھلا رکھنے کے لیے حکومت اقدامات کرے ،لیپہ ویلی اور نیلم ویلی میں آٹے سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کا اہتمام کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ نیلم اور لیپہ ویلی میں شدید برف باری سے تمام شعبہ ہائے زندگی متاثر ہیں ان کو ریلیف کی فراہمی کا اہتمام کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں سیاح آزادکشمیر آرہے ہیں ان کے لیے تمام بنیادی سہولیات کا اہتما م کیا جائے حکومت انتظامیہ کو پابند کرے کہ وہ ہوٹلز مالکان اور گیسٹ ہائوسز مالکان کو اور بلنگ سے روکیں تا کہ کسی طرح کا منفی پیغام نہ جائے آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔

انفراسٹریکچر کو بہتر کرنے سے ٹور ازم انڈسٹری کی حیثیت اختیار کر سکتا ہے اس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اس سے خطے میں بے روزگار کا خاتمہ ہو گا اور ریاست خودکفالت کی جانب گامزن ہوگی۔