لندن (صباح نیوز)تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی اور تحریک کشمیریورپ کے صدر محمد غالب نے مشترکہ طورپر کہاہے کہ پوری دنیا میں تارکین وطن 26جنوری کو ہندوستان کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ منائیں،مودی کی فاشسٹ حکومت اورقابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑرہی ہے،سو اکروڑ کشمیریوں کو تین برس سے یرغمال بنارکھاہے پورے کشمیرکو کھلی جیل میں تبدیل کرکے کالے قوانین کی آڑ میں نسل کشی کی جارہی ہے،کشمیر ی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جائزجدوجہد کررہے ہیں۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوں نے اپیل کی کہ تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ بھرپور انداز سے یوم سیاہ منائے گی تارکین وطن سیاسی وابستگیوںسے بالا ترہوکرہندوستان کے مکرو چہرے کو بے نقاب کریں۔
انھوں نے کہاکہ کشمیری عالمی برادری سے امیدلگائی ںہوئے ہیں کہ وہ ہندوستان پر دبائو بڑھائیں گی تاکہ ہندوستان کشمیریوں کو رائے شماری کا موقع دے ،ہندوستان کی قیادت نے خود اقوام متحدہ میں جاکر عالمی برادری سے عہد کیاتھاکہ وہ کشمیریوں کو حق دے گا،اب اگر ہندوستان اپنے عہد سے انحراف کررہاہے تو عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف مداخلت کرے۔
عالمی برادری کی خاموشی کا فائدہ اٹھا کر ہندوستان کی قابض افوا ج مظالم کی انتہاکررہی ہے،ہندوستان کی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہورہیں ۔