مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے مزید 4افراد کی موت


 سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے  مزید 4افراد فوت ہوگئے اس طرح اب تک کرونا  سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4579ہوگئی ہے۔

جموں و کشمیر میں 23ماہ بعد روزانہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ریکارڈ5818صرف 24گھنٹوں کے دوران سامنے آئی ہے۔

گزشتہ روزجموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 83019ٹیسٹ کئے گئے جن میں47سفر کرنے والوں کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئیں۔ اس سے قبل7مئی 2021کو جموں و کشمیر میںسب سے زیادہ 5443افراد متاثر ہوئے تھے ۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 72ہزار 669ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 5818افراد میں جموں میں 1752جبکہ 4066افراد کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔

کشمیر سے تعلق رکھنے والے 4066افراد میں 14بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی لوٹے جبکہ دیگر 4052افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 4066افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 1745، بارہمولہ میں 791، بڈگام  میں 594،پلوامہ میں 230،کپوارہ میں 93،اننت ناگ میں 217،بانڈی پورہ میں 130، گاندربل میں 84، کولگام میں 162جبکہ 20متاثرین شوپیان سے تعلق رکھتے ہیں۔

جموں و کشمیر میں 224دنوں کے بعد محض 18روز میں کرونا کے سرگرم معاملات کی تعداد 20ہزار سے پار ہوگئی ہے۔ جنوری مہینے کے ابتدائی 18دنوں میں 20340 افراد کے اضافہ کے ساتھ سرگرم کیسوں کی مجموعی تعداد 21,677تک پہنچ گئی ہے۔