پشاور(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں آزاد امیدوار ریحان زیب کے قتل کے بعد این اے 8 اور پی کے 22 میں انتخابات ملتوی کردیے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے جانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ باجوڑ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار ریحان زیب جاں بحق جب کہ 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔ گاڑی پر فائرنگ ضلع باجوڑ کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں کی گئی تھی۔ ریحان زیب کے بھائی نے پی ٹی آئی کے امیدوار پر الزام لگایا ہے کہ ان کے بھائی کو قتل میں وہ ملوث ہے
ریسکیو حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کاشف ذوالفقار نے بتایا تھا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔