طارق جاوید بنوری بطور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن بحال


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے طارق جاوید بنوری کو بطور چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) بحال کر دیاہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنادیا۔عدالت نے آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین ایچ ای سی کو ہٹانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں فریقین کے وکلا اور اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ، وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل پیش ہوئے تھے۔ مارچ 2021 کو ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ڈاکٹر طارق بنوری کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور چیئرمین ایچ ای سی مئی 2018 میں تعینات کیا تھا۔ طارق جاوید بنوری کو بطور چیئرمین ایچ ای سی مئی 2022 تک 4 سالہ مدت پوری کرنا تھی۔