وزیراعظم عمران خان کا روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے آزادی اظہار رائے سے متعلق روسی صدرکے بیان کو خوش آئند قرار دیا۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے پر جاری اپنی ٹوئٹ میں بتایاکہ روسی صدر پیوٹن سے  ٹیلی فونک رابطہ ہو اہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ولادی میر پیوٹن نے رسول اللہ ۖسے متعلق مسلمانوں کے جذبات اورحساسیت کو سمجھا۔انہوں نے کہاکہ صدر پیوٹن وہ پہلے مغربی رہنما ہیں جنہوں نے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے مسلمانوں کے جذبات کے لیے ہمدردی اور حساسیت کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے مزید بتایاکہ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر باہمی فائدہ مند تعاون پر آگے بڑھنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے ایک دوسرے کو اپنے ممالک کے دورے کی دعوت دی۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے گزشتہ سال دسمبر کے  مہینے میں ایک سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پیغمبر اسلام کی توہین اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے۔روسی صدر کے بیان کے ردِ عمل میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اس وقت بھی ٹوئٹ کرکے خیر مقدم کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صدر پوٹن  کا بیان ان کے اس پیغام کی توثیق کرتا ہے کہ پیغمبر اسلام کی توہین اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں، خاص کر مسلمان لیڈروں کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے غیر مسلم دنیا تک یہ پیغام پھیلانا چاہیے۔