لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ریور راوی اربن پراجیکٹ کے خلاف دائر درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔ عدالت نے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دینے کی پنجاب حکومت کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس شاہد کریم نے قرار دیا کہ لاہور ہائی کورٹ راوی ریور پراجیکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کر سکتی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ریور راوی آرڈیننس آ چکا ہے اس لئے درخواست ناقابل سماعت ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء اور وقار اے شیخ ایڈووکیٹ کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے راوی ریور پراجیکٹ کے خلاف دائر تمام درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔ عدالت نے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دینے کی حکومتی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے ریور راوی اربن پراجیکٹ کے خلاف جاری حکم امتناع میں بھی توسیع کر دی ہے اور آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو دلائل دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
وقار اے شیخ ایڈووکیٹ نے یہ نقطہ اٹھایا تھا کہ ریور راوی پراجیکٹ کے لئے زرعی اراضی حاصل کی جا رہی ہے اور پہلے ہی لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔ اس منصوبہ کے لئے ماحولیاتی این او سی نہیں لیا گیا اور نہ ہی ماحولیاتی قوانین کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ لہٰذا اس منصوبے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے تمام درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام درخواستوں کو قابل سماعت قرار دے دیا۔