شکر گڑھ(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں،نوازشریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ان کے معالجین ہی کریں گے۔
شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نااہل اور نالائق لیڈر ثابت ہوچکے ہیں، ان کے پاس صرف ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے جھوٹے وعدوں کی قلعی کھل رہی ہے، پاکستان میں کسی نئے نظام کی گنجائش نہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیروں کی منطق اور دلیلیں قوم کے شعور کا مذاق اڑا رہی ہیں، وزرا کہتے ہیں آٹا اس لیے نہیں مل رہا لوگ 2 کے بجائے 4 روٹیاں کھاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی سرپرستی میں یوریا کھاد اسمگل کروائی ہے جبکہ وزیر کہتے ہیں کھاد اس لیے نہیں کہ زمیندار زیادہ کھاد استعمال کر رہے ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ان کے معالجین ہی کریں گے۔