اندھی طاقت کے استعمال سے کسی کو جمہوری حق سے محروم نہ کیا جائے ، لیاقت بلوچ

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اندھی طاقت کے استعمال سے کسی کو جمہوری حق سے محروم نہ کیا جائے ،انتخابات میں سب کے لیے یکساں مواقع ہونے چاہئیں،پولنگ سے قبل ، دوران اور بعد میں دھاندلی ہوئی تو ملک کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا،اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں۔

منصورہ میں نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ،سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور امیر ضلع لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو اندھی طاقت سابقہ حکمران جماعتوں نے طشتری میں رکھ کر پیش کی،ناگزیر ہے کہ قومی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔جماعت اسلامی نے گزشتہ الیکشن کے بعد فیصلہ کرلیا ہے کہ کسی سے الائنس نہیں کریں گے ،ہمارے کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں ،جماعت اسلامی نے فلاحی سرگرمیوں میں پورے ملک میں سب سے زیادہ خدمات سر انجام دی ہیں، اقامت دین، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کاقیام ہماری سیاسی جدوجہد کا مقصد ہے ،انتخابی نشان ترازو پر جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کے لیے 231 اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 535 امیدواران کو ٹکٹس جاری کیے ہیں،لاہور کی قومی اسمبلی کی 14 اور صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدواران انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ،اسلامی فلاحی خوشحال پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے قوم ہمارا ساتھ دے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب کی سیاست کو یرغمال بنایا گیا ،جاگیرداروں،وڈیروں نے مقتدرحلقوں سے مل کرپنجاب کو بدنام کیا،سابقہ حکمرانوں نے صوبہ کی صنعت،زراعت کو تباہ کیا،لاہور کے تہذیبی اور تاریخی پس منظر کو مسخ کر کے یہاں عجیب و غریب کلچر پروان چڑھایا گیا۔جماعت اسلامی یکم جنوری سے لاہور میں بھر پور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ہم شہرکے مسائل کو اجاگر کریں گے اور زندہ دلان سے اپیل کریں گے کہ ان دیرینہ مشکلات سے جان چھڑانے کے لیے ترازو کو ووٹ دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 16 ماہ حکومت کے دوران معیشت تباہ کی ،مہنگائی اور بے روز گاری میں اضافہ کیا ،یہی وجہ ہے کہ یہ پارٹیاں اب عوام میں جانے سے خوفزدہ ہیں ۔

انہوں نے واضح کیا الیکشن کے انعقاد سے متعلق کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا ملک کے حق میں نہیں ہوگا۔جماعت اسلامی پورے ملک میں بیک وقت شیڈول کے مطابق انتخابات چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دیر ینہ موقف رہا ہے کہ الیکشن کمیشن مالی و انتظامی لحاظ سے با اختیار ہو۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ کسی کولاڈلہ بنایا جائے نہ کسی سابقہ لاڈلہ کو دیوار سے لگایا جائے،الیکشن میں دولت کی نمائش پر پابندی اور ضابطہ اخلاق کی کی مکمل پاسداری ہو۔قبل ازیں انہوں نے لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران اور ضلعی سطح پر تمام تنظیموں کے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں نائب امیر حلقہ لاہور ذکر اللہ مجاہد،امیر لاہور غربی عبد العزیز عابد،احمد سلمان بلوچ ودیگر نے شرکت کی۔