مستقبل اسلام کا ہے، اس وقت ہمیں آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈالنا چاہیے ۔ڈاکٹر ابراہیم

لاہور (صباح نیوز)ادارہ معارف اسلامی منصورہ کے زیر اہتمام عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کے عنوان سے بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا اس میں کویت سے ڈاکٹر ابراہیم عباسی المہنا،قطر سے ڈاکٹر مختار احمد الشنقیطی ،لبنان سے ڈاکٹر اعظم سعید ایوبی،فلسطین سے ڈاکٹر خالد قدومی نے شرکت کی ۔سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی نے کی جبکہ شرکا میں ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی ڈاکٹر حافظ ساجد انور،جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس ،شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبد المالک،پروفیسر ممتاز احمد سالک،پروفیسر ایوب منیر،پروفیسر اختر عزمی ،پروفیسر اکرم چوہدری ،انور گوندل و دیگر شامل تھے ۔ڈاکٹر ابراہیم نے کہا مستقبل اسلام کا ہے، مسلم ممالک کی اسلامی تحاریک نے جوکام عرصہ قبل کام شروع کیا تھا، غزہ و فلسطین کے مجاہدین نے اس کو جلا بخش کرامت کو عزم و حوصلہ عطا کیا ہے۔

انہوں نے کہا اس وقت ہمیں انسانی طاقت کو استعمال میں لانا چاہیے اور آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈالنا چاہیے ۔فلسطین کے معاملے میں امت ایک ہی موقف رکھتی ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کاہے اور اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے ۔نوجوان طبقہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہے،اب تو امریکہ میں پچاس فیصد سے نوجوان اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اسلام کے بارے میں ان کے حکمران پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔قطر یونیورسٹی کے پروفیسر مختار نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے پاکستانیوں کے مظاہروں کی بھر پور تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے برے انجام کو پہنچے گا اور فلسطین کو آزادی نصیب ہو گی۔رکن پارلیمنٹ لبنان اعظم سعید ایوبی نے کہا کہ پاکستان ،سعودی عرب،ترکی ،ایران،نیٹو کی طرح مشترکہ اتحاد بنا کر اسرائیل پر پابندی عائد کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل کی طرح ہمیں اپنے وسائل کے ذریعے اور ساری دنیا کے انصاف پسندوں کو فلسطین کے حقوق کے لیے مشترکہ جدو جہد کرنا ہو گی۔ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا 27 اکتوبر سے لے کر آج تک حماس کے زمینی حملے میں ہر دن 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور ہر گھنٹے بعد ایک اسرائیلی ٹینک تباہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ مسلم ممالک کی حکومتوں کا سقوط ہے کہ رفح بارڈر بند ہے ،اس وقت دشمن کرائسز میں ہے ،انشا اللہ فلسطینی مجاہدین کو فتح ملے گی۔

ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے امہ کو جہاد کا جذبہ دیا ہے ،اہل پاکستان اہل فلسطین کے شانہ بشانہ ہیںاور ان کی ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہیں۔پاکستانی عوام فلسطینیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔ڈائریکٹرادارہ معارف اسلامی ڈاکٹر حافظ ساجد انور نے کہا ہے کہ حماس نے ثابت کر دیا کہ صرف اسلحہ ہی نہیں، ہمت ،جرات ،استقامت اصل اسلحہ ہے ۔فلسطین میں غزہ کے مجاہدین جو کامیابی حاصل کر رہے ہیں یہ در اصل ان کی اعلیٰ تربیت اور فکری تعلیم سے روشناس ہونے کا ثمر ہے۔