پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے بھی اپنے ہاتھ کاٹ رہے ہیں، خواجہ آصف


سیالکوٹ(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن )کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی میں بہت زیادہ دڑاریں پڑ چکی ہیں،  عمران خان کی وجہ سے اب تحریک انصاف کے لوگ بھی رہ رہے ہیں،عمران خان نے اپنے فنانسرز کو لوٹ مار کی کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے اوروہ پوری قوم سے قیمت وصول کر رہے ہیں، نواز شریف کے ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے کا مطلب قانون کی حکمرانی اور چوروں کے لیے راستے کو بند کرنا ہے ۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ تین سال قبل عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جس کے اثرات آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان(پی ٹی آئی)کو اقتدار میں لانے والے بھی اپنے ہاتھوں کو کاٹ رہے ہیں کیونکہ پاکستان کے طول و عرض میں لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،بجٹ منظور ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فنانس کرنے والے لوگ پوری قوم سے قیمت وصول کر رہے ہیں اور عمران خان نے اپنے فنانسروں کو لوٹ مار کی کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عمران خان ہمارا حکمران اس لئے ہے کیونکہ ہم اپنے ملکی مقاصد سے پیچھے ہٹ چکے ہیں، ہمارے ملک میں غربا اور اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا سلوک سب کے سامنے ہے۔

انہوں کہ حکومتی پارٹی میں بہت زیادہ دڑاریں پڑ چکی ہیں، عمران خان کی وجہ سے اب تحریک انصاف کے لوگ بھی رہ رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ ملکی حالات وقت کے ساتھ ساتھ گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، آج ملک و ملت اور بائیس کڑور عوام کی کوئی حیثیت نہیں ہے، حکومت ساڑھے تین سال کا عرصہ گزار کر خود ہی بے نقاب ہوئی اب ان کا بہت جلد اختتام ہوجائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہر الیکشن میں ہمارے حقوق اور ووٹوں کو چوری کر لیا جاتا ہے مگر اس بار ہم اپنے مینڈیٹ کا دفاع کریں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ میاں نواز شریف کے ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے کا مطلب قانون کی حکمرانی اور چوروں کے لیے راستے کو بند کرنا ہے، چور دروازوں سے قانون کی خلاف ورزی کرکے اقتداروں میں آنے والوں کی مثال عمران خان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کر دیا جبکہ نواز شریف کے دور میں ملک نے ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، جولائی 2018 میں جو ہوا آج ہمارا بچہ بچہ اس کی قیمت ادا کر رہا، عمران خان کہتا تھا کہ قرض نہیں لوں گا خودکشی کر لوں گا مگر آج ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لئے گئے لیکن انہوں نے خودکشی نہیں کی کیونکہ اس کے لیے غیرت کی ضرورت ہوتی ہے۔