اسلا م آباد(صباح نیوز)حکومت نے رواں سال کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 ارب روپے مالیت کے قرضے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں نئے کاروبار کا فروغ اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب اور نوجوانوں کے امور کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ہفتہ کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران کامیاب جوان پروگرام کے تحت 30 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے 50 ہزار نوجوانوں کو براہ راست ملازمتیں ملیںاور بلاواسطہ روزگار کے ہزاروں دوسرے مواقع پیدا ہوئے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نئے کاروبار کے آغاز کو خصوصی طور پر فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ایک تجویز منظوری کے لئے پیش کی جائے گی جس کے تحت بیس لاکھ روپے تک قرضے کے حصول کے لئے کوئی ضمانت طلب نہیں کی جائے گی۔فرخ حبیب نے کہا کہ 10 ارب روپے کے سکلز فار آل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، کلائوڈ کمپیوٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور دوسرے شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ نوجوانوں کو وظائف فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مزید اکسٹھ ہزار نوجوانوں کو اس ماہ کی 31 تاریخ کووظائف دیئے جائیں گے۔عثمان ڈار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے اور اس سال کے دوران پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے وظائف کا پروگرام شروع کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت انتہائی شفاف انداز میں قرضے فراہم کئے جارہے ہیں