رات گئے کھلے رہنے والے ریسٹورنٹس کو 50، 50 ہزار روپے جرمانے کا حکم


 لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے رات گئے کھلے رہنے والے ریسٹورنٹس کو پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس کے دوران انہوں نے حکم دیا کہ رات گئے کھلے رہنے والے ریسٹورنٹس کو پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے۔جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ بغیر اجازت کیفے چلانے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے۔

سماعت کے دوران لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش 25 دسمبر تک مکمل ہوگی جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ اس کو جلدی مکمل کریں 25 دسمبر تو بہت دور ہے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ 9 انڈر پاسز کی تعمیر کے باعث ٹریفک جام رہتی ہے، اگر دن میں بھی انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی اجازت دیں تو پھر کتنے دن لگیں گے، اس پر پیر تک مشاورت کریں اور انڈر پاسز کی آرائش جلد مکمل کرنے کی تاریخ دیں۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی )نے کوئی ایک گرین پراجیکٹ شروع کیا ہے؟ ، یہ بلند وبالا عمارتیں کھڑی کررہے ہیں مگر گرین پراجیکٹ کوئی شروع کیا ؟۔بعدازاں عدالت نے سی بی ڈی سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔