اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی ہے.
پریس ایسوسی ایشن کے وفد ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ درست عدالتی رپورٹنگ کے بغیر عدلیہ کا وقار اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن نہیں، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عدلیہ کی کوریج کرنے والے صحافی ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، عدالتی رپورٹنگ کی اہمیت دائر کردہ مقدمات جتنی ہے، مقدمات دائر ہونے سے پہلے درجنوں معاملات میں عدالتیں میڈیا رپورٹس پر ازخود نوٹس لیتی ہیں،
انہوں نے کہا کہ غلط اور غیر محتاط عدالتی رپورٹنگ سے نہ صرف عوام درست اطلاعات کے حق سے محروم رہتے ہیں بلکہ قانون کی بالادستی اور عدلیہ کا وقار بھی متاثر ہوتا ہے، فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ عدلیہ کا احترام سب پر لازم ہے، جن خبروں پر عدلیہ نوٹس لیتی ہے ان خبروں کا مستند ہونا ضروری ہے، قانونی صحافت میں صحافت اور قانون دونوں شامل ہوتے ہیں، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عدلیہ کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی تربیت ضروری ہے، اس ضمن میں حکومت صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل مرتب کرے گی، صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈز فراہم کر رہے ہیں،
وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وفد کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی. وفد میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر راجہ محسن اعجاز، نائب صدر عابد علی آرائیں، سیکریٹری جنرل عدیل سرفراز، سیکرٹری اطلاعات شامل تھے۔