پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان کیلئے 800 کنال زمین کی منظوری

اسلام آباد  (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان کیلئے 800 کنال زمین کی منظوری دے دی گئی ہے جلد اس  کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، چار ارب روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو جاری کر دیے گئے ہیں ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے  پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان  کے لیے 800 کنال زمین کی منظوری دی ہے۔ جس  پر گوجر خان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان کا یہ منصوبہ 3 سال کی مدت میں مکمل ہو گا۔ بہت جلد پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔اس ضمن میں 4 ارب روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو  جاری کر دیے گئے ہیں۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک بیان میں کہا  ہے کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا قیام میرا دیرینہ خواب تھا جو اب پورا ہونے جا رہا ہے۔

اس یونیورسٹی کے قیام سے گوجر خان سمیت خطہ پوٹھوار اور ملحقہ اضلاع کے نوجوان طلبہ وطالبات کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔ یونیورسٹی کے قیام سے گوجر خان اور ملحقہ اضلاع میں تعلیم کے شعبے میں نوجوانوں کو گھر کی دہلیز پر اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے خطہ پوٹھوار سمیت دیگر ملحقہ اضلاع اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔یہ منصوبہ  اعلی تعلیم کے فروغ اور خطے کے نوجوان نسل کی ترقی کے لیے عملی ثبوت ہے۔