ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آ ئیں گے،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ(ن )کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آئیں گے، ان کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چورقرار دیا، ایوان وزیراعلی میں عثمان بزدار رشوت کے سودے خود کرتے ہیں۔

بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کہ اس نااہلی، نالائقی کا کیا بندوبست کیا جائے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، 2 روز قبل عمران نیازی نے کہا مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے، عمران نیازی کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، عمران نیازی سے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے 2 لفظ نہیں بولے جاتے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے حواری سوال اٹھا رہے تھے، ان کے حواری بھی جان گئے عوام میں کس منہ سے جائیں گے، ہم پر منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے، ہم تو 4 سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چورقرار دیا، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب بے نقاب کر دیا، ایوان وزیراعلی میں عثمان بزدار رشوت کے سودے خود کرتے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے جا رہا ہے، عمران نیازی ! اپنی آنکھوں کی پٹیاں کھولو،بنی گالاکی پہاڑی سے نیچے اترو، 22 کروڑعوام بنی گالا کے محل میں نہیں رہ سکتے۔