مری میں لوگ برفباری سے نہیں، حکومت کی بے حسی سے مرے ہیں، مریم نواز


لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اس حکومت کی نااہلی اور نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے، مری میں لوگ برفباری سے نہیں ان کی بے حسی سے مرے ہیں۔

مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے بلال یاسین کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں انہوں نے بلال یاسین کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلال یاسین نے میری والدہ کے الیکشن میں بہت کام کیا ہے، انہوں نے نواز شریف کا ساتھ نبھانے میں مثال قائم کی ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جنہوں نے وفاداری سے نواز شریف کا ساتھ نبھایا۔مریم نواز نے کہا کہ خاندانوں کے خاندان مر گئے، یہ ہیٹر لگا کر گھروں میں سوتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مرتے رہے ان کی مدد کیلئے کوئی نہیں آیا، عوام کو پتہ ہے سچ کیا ہے جھوٹ کیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اب عوام کے کہنے پر چلنا پڑے گا،اس حکومت کو گھر بھجوانے کیلئے کوئی طریقہ اپنانا چاہیے۔

مریم نواز نے نواز شریف کی طرف سے بلال یاسین کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بلال یاسین نے عیادت کیلئے مریم نواز کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن )کے ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، انہیں 2 گولیاں لگی تھیں۔

چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر نشان عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے،مریم نواز

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جماعت وزیراعظم ہوتے ہوئے انکے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، جھوٹے،سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ یہی اللہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے۔ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا اور نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے، یہ ابھی صرف شروعات ہے۔