اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے معاملے پر 60 افسران کے خلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ڈی آر او سمیت 27 پریزائیڈنگ افسران اور 7 ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ سابق ڈی سی سیالکوٹ ذیشان احمد لاشاری اور سابق ڈی پی او سیالکوٹ حسن اسد کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور سابق ڈی ایس پی سمبڑیال کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ڈپٹی ایجوکیشن افسران کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بھی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب قرار پائے گئے، 8 اسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی اقدامات میں ملوث قرار دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام افسران کے خلاف ڈسپلنری ایکشن کی سفارش کرتے ہوئے تمام افسران کو دوبارہ الیکشن ڈیوٹی پر نہ لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو کارروائی کے لئے احکامات بھجوا دئیے ہیں اور افسران کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔