سری نگر:بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر میں ایک نوجوان کو درانداز قرار دے کر شہید کر دیا ہے ۔
بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ضلع بارہ مولا کے اوڑی سیکٹر میں ایک عسکریت پسند کو گولی مار کر مار دیا گیا ہے ۔ ادھر سرینگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران لوگوں کوہراساں کر رہی ہیں۔بھارتی فوج، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اورایس آئی اے کے اہلکار نام نہاد آپریشنز اور چھاپوں کے دوران گھروں میں گھس کرمکینوں کو ہراساں کررہے ہیں۔بہت سے کشمیری صحافیوں کو جنہوں نے کشمیر کے بارے میں من گھڑت خبریں چلانے سے انکار کیا اور علاقے میں بی جے پی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کی حمایت کے بجائے اخبارات سے استعفی دے دیا،تھانوں میں طلب کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہزاروں اضافی فوجی تعینات کرکے اسے دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔بھارتی فوجی کشمیریوں کو مسلسل قتل کرتے، تشدد کا نشانہ بناتے اور گرفتارکرتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے طول وعرض میں 10لاکھ سے زائد فوجی تعینات کررکھے ہیں جس سے یہ خطہ دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ بن چکا ہے۔