پشاور(صباح نیوز)سابق جسٹس سید ارشد حسین شاہ خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلی مقرر ہو گئے ہیں۔۔سابق وزیراعلی محمودخان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان صوبے کے نئے نگران وزیراعلی کے تقرر کے لیے وزیراعلی آفس میں مشاورت ہوئی، جس میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔محمودخان اوراکرم درانی کی ملاقات میں جسٹس(ر) ارشد حسین کے نام پر بطورنگران وزیراعلی اتفاق کیاگیا
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نامزد کردہ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی بطور نگراں وزیراعلی تقرری کی منظوری دی۔جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا تھا۔سابق نگراں وزیراعلی اعظم خان کی کابینہ میں جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ قانون، اوقاف اور انسانی حقوق کے وزیر تھے۔جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ وہ گلگت بلتستان کے چیف جج اور پشاور ہائی کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں۔سنیچر کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے نگراں وزیراعلی محمد اعظم خان وفات پا گئے تھے۔