پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند ، موٹروے کئی مقامات سے بند


لاہور (صباح نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹس آپریشن معطل کرنا پڑا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے، دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،لاہور ہی نہیں قصور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید دھند چھائی رہی جس سے ٹریفک کی روانی متاثررہی،موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر بند رہی۔شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور عبدالحکیم ٹول پلازہ سے فیصل آباد ٹول پلازہ اور ایم فائیو رحیم یار خان سے شیر شاہ تک بند رہی۔موٹر وے ایم ٹو کے مختلف مقامات پر لاہور کی جانب جانے والے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ۔ لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر حدنگاہ 50میٹرسے بھی کم رہ گئی جس کے باعث  پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا ۔

لاہور سے مسقط جانے والی پرواز ڈبلیو وائی 342 جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 305 اور  ای آر 525 بھی منسوخ کردی گئی۔ اس کے علاوہ شدید دھند کے باعث لاہور سے کراچی جانیوالی ایک اور پرواز  پی کے307 بھی منسوخ کی گئی جبکہ لاہور سے دبئی جانیوالی پرواز پی کے235 تاخیرکا شکار ہے۔ائیرپورٹ حکام نے کہا کہ مسافر اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کرکے ائیر پورٹ آئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہے، گلگت بلتستان اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔