اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کی صدارت کی جس میں تیز رفتار صنعت کاری اور خصوصی اقتصادی زونز (ایس سی زیز) کی ترقی میں حائل رکاوٹوں پر غور کیا گیا۔
نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور صنعتی زون کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک پریزنٹیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) اور ڈی جی خصوصی اقتصادی زونز نے موجودہ خصوصی اقتصادی زونز کو درپیش رکاوٹوں اور مستقبل کے خصوصی اقتصادی زونز کے فریم ورک کی ضروریات پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ نے مستقبل کے خصوصی اقتصادی زونز کے لیے ون سٹاپ شاپ کی سہولت کی تجویز پیش کی۔
فورم نے ون سٹاپ شاپ کی حدود پر تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی طریقوں اور معیارات پر مبنی ترقیاتی فریم ورک کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان باہمی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔اس کے علاوہ آئینی سکیم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ زمین کی شناخت اور الاٹمنٹ، لاگت میں مسابقت، یوٹیلٹیز کی فراہمی، انسانی وسائل کی رکاوٹوں اور پالیسیوں کی مستقل مزاجی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اجلاس کے اہم نکات کی بنیاد پر ایک ورکنگ پیپر پر مشتمل حل اور مستقبل کے لیے ایک واضح روڈ میپ ترجیحی طور پر منعقد کیے جانے والے ورکنگ گروپ کے دوسرے اور آخری اجلاس کے لیے جاری کیا جائے گا۔۔