کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ اسرائیلی نے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی ،نسل کشی کا جنگی جرم کیا ہے ۔ فلسطین میں معصوموں کا قتل عام بند اور جنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے، مسلم حکمران ،سپہ سالار،عالمی برادری سب خاموش تماشائی اور صرف مذمت پر گزارہ کر رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی زمینوں پر قابض ہے، صیہونی ریاست نے جنرل اسمبلی کی جنگ بندی کی قراردار کی بھی پروا نہیں کی۔
اسلامی دنیا کے حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی کی بجائے واشنگٹن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پولیس کی جانب سے پریشان حال افغان مہاجرین سے بڑی بڑی رقومات طلب کرناقابل مذمت ہے جبری بے دخلی ،بلاوجہ کی سختی ،رشوت طلب کرنا ،گالم گلوچ سب دشمنی وغلط پروپیگنڈے میں اضافے کا سبب بنے گا بھارتی میڈیا اور پاک افغان دوستی کے دشمن پروپیگنڈہ کرکے نفرتوں میں اضافہ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی وغیر ت مند مسلمانوں کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کسی صورت نہیں رکے گی بدقسمتی سے آج فلسطین کے معصوم بچوں وخواتین پر بموں کی بارش میں اسلامی ممالک کے سربراہان خوفزدہ وامریکی تابعداری میں مصروف ہیں امت مسلمہ ان کو معاف نہیں کرے گی امریکابھارت اسرائیل کے ساتھ کھڑ ہے توالحمداللہ جماعت اسلامی اور امت کے غیر ت مند مسلمان غزہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی نے اسلام آبادمیں امریکی سفارتخانہ کے سامنے لاکھوں افرادکاغزہ مارچ کیا مسلم حکمرانو ں نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو ان کا دینی فریضہ تھا۔ کاش اسلامی افواج کے سربراہاں قاہرہ میں اجلاس طلب کرتے۔ دنیا میں مسلمانوں سمیت انسانیت سے محبت کرنے والے ہر طبقہ فکر غزہ سے اظہار یکجہتی کررہیں مگر ہمارے حکمران خاموش ہیں، غزہ پر بدستور بمباری جاری ہے،مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کردیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں خوراک، ادویات پہنچا رہی ہے اور اب تک ایک ارب سے زیادہ امدادفلسطین پہنچا چکی ہے۔
فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے غیر ت مند مسلمان فلسطین کی ایک انچ سے بھی دستبردار ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ غزہ فلسطین کے مسلمان اس معرکے میں اکیلے نہیں بلکہ امت مسلمہ ان کے پشت پر کھڑے ہیں۔ حماس کے مجاہدین اور فلسطین کے عوام نے طوفان الاقصیٰ کے نام سے دشمن کے مقابل ایک طوفان برپا کردیا ہے جس نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے جو وہ مسجد اقصی کو منہدم کرنے اور مسجد اقصی پرقبضہ کر نے کیے کر رہے تھے، اور جو یہ سمجھتے تھے کہ غزہ کے عوام کو دائمی محاصرے میں اور فلسطینی عوام کو دائمی غلامی میں رکھیں گے اور جنہوں نے ہزاروں فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے اسرائیلی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو مسلمان ممالک سے تسلیم کروانے کی سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی اورمسلم عوام نے ہمیشہ القدس اور فلسطین کے بارے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ دوٹوک موقف کا اظہار کیا ہے