بھارتی ریاست تری پورہ میں دس دنوں میں مساجد پرحملوں کے 17واقعات مذہبی آزاد ی کا قتل عام ہےـ چوہدری سرور


لاہور (صباح نیوز)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارتی ریاست تری پورہ میں دس دنوں میں مساجد پرحملوں کے 17واقعات کو مذہبی آزاد ی کا قتل عام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اقلیتوں کیلئے دنیا کا خطر ناک ملک بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں کی شر مناک خاموشی بھی بدتر ین ناانصافی ہے۔پاکستان بھارت میں بسنے والے مسلمان بہن بھائیوں کیساتھ ہے انکے تحفظ اور حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپنے ایک ٹویٹ کے دوران مساجد پرحملوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مساجداور مسلمانوں کو دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں سمیت دیگر انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات میں خطر ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے مگر بدقسمتی سے نر یندر مودی کی حکومت اور بھارتی پولیس سمیت انکے دیگر ادارے بھی آر ایس ایس کے دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہے ہیں اور مسلمانوں کے لیے بھارت میں رہنا مشکل کیا جارہا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت میں صرف مسلمان ہی نہیں دیگر اقلیتیں بھی ہند و انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پرہونیوالے مظالم پر خاموشی اختیارکر نے کی بجائے انکا نوٹس لیں اور سفارتی سمیت دیگر ذرائع کا استعمال کر کے بھارتی حکومت کو اقلیتوں کے جان ومال کے تحفظ اور انکی مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانے پر مجبور کیا جائے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان میں ہندو اور مسیحوں سمیت دیگر اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی اور پاکستان ہر لحاظ سے اقلیتوں کے لیے دنیا کو محفوظ تر ین ملک ہے ہم بھارت میں بسنے والے مسلمان بہن بھائیوں کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان انکے حقوق کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پربھر پور آواز بلند کر یگا اور انکو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

اُنہوں نے بلوچستان میں ہونیوالی دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کیساتھ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان سے دہشت گردوں اور انکے سہولتوں کار وں کا مکمل صفایا کیا جائے گا ۔