تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری مزمل احمد ٹھاکر کا بنیادی جرم ہے،غلام محمد صفی


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک حریت جموں کشمیر کے کنونیئر غلام محمد صفی نے ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے سربراہ مزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مقدمے کے اندراج کی مزمت  کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حق میں اور قابض قوت کے ہاتھوں ریاستی عوام کے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف سوشل میڈیا اور برطانیہ بھر میں چلائی گئی مہم کو بھارت نے ملک دشمن اور منافرت پھیلانے والی سرگرمیاں قرار دے کر ان کے خلاف سرینگر میں اپنے گماشتوں کے ذریعے   یو اے  پی ائے کے تحت مقدمہ درج کرالیا ہے۔

یاد رہے کہ مزمل ایوب ٹھاکر ورلڈ کشمیرفریڈم موومنٹ کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ، نامور کشمیری دانشور،بیرون دنیا مظلوم کشمیر یوں کے بے باک ترجمان مرحوم محمد ایوب ٹھاکر کے فرزنداور غلام محمد صفی کے داماد بھی ہیں۔ وہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں اپنے باپ کے ادھورے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی آبیاری کرکے بھارتی کا بھیانک چہر ہ دنیا کے سامنے لانا مزمل ایوب ٹھاکر کا بنیادی جرم ہے۔ ان کا یہی کردار دلی والوں کے اعصاب پر سوار ہوچکا ہے۔بیرون ملک مسئلہ کشمیر سے جڑے تمام رہنماؤں اور تمام حریت پسند سیاسی جماعتوں نے بھارت کے اس غیر اخلاقی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو بھارتی بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا ہے۔

غلام محمد صفی کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کے متوالوں کو قید و بند کی سختیوں سے نہ ماضی میں ڈرایا جاسکا ہے اور نہ اب یہ حربہ کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔مزمل ایوب ٹھاکر نے حریت کا درس اپنے والد سے حاصل کیا ہے اور ان کے خلاف اٹھایا گیا بھارت کا یہ قدم جہاں مزمل ایوب کی حریت پسندی کا ایک واضح ثبوت ہے وہیں اس بات کی بھی نشاندہی کررہا ہے کہ بھارت کے پاس بولی کا جواب بولی نہیں قید اور گولی ہے۔