مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوکر فلسطینی عوام کی نسل کشی رکوانے کیلئے آوازبلند کریں،مولاناعبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی انٹیلی جنس کا سرنیچا کر کے امت کا سر فخر سے بلند کر دیا، یہ بلندیوں اور کامرانیوںکا سلسلہ آنے والے وقت میں اللہ تعالیٰ کی مددونصرت سے جاری رہے گا اور ارض پاک صہیونی تسلط سے آزاد ہو گی۔ یقینی طور پر موجودہ صورت حال اسرائیل کے ناجائز قبضہ کو ختم کرنے کے لیے اہم ترین سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوکر اسرائیلی یہودی سازشوں کو ناکام بناکر فلسطینی عوام کی نسل کشی رکوانے کیلئے آوازبلند کریں ۔

انہوں نے  اپنے بیان میں کہاکہ نوازشریف کی وطن واپسی اور زرداری یا آزمائے ہوئے نااہل ناکام لوگوں کو دوبارہ آزمانے سے ملک وقوم کو کوئی فائدہ نہیں یہ دوبارہ ملک کے وسائل لوٹنے کیلئے عوام کو دھوکہ دیں گے ۔موجودہ حالات میں ایک طرف امت مطمئن اور خوش ہے اور دوسری جانب امریکا اور اس کے حواری پریشانی کا شکار ہیں۔ استعمار سے محبت کرنے والے مرعوب ہو کر اسرائیل کے ردعمل کے بارے میں خوف زدہ ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل جو کارروائیاں گزشتہ دہائیوں میں کر رہا ہے وہ ان سے اور زیادہ کیا کر سکتا ہے۔ فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا، گھر اور عمارتوں کو ملیا میٹ کر دیا گیا اور لاکھوں فلسطینی سالہاسال سے محاصرہ کی صورت حال میں رہنے پر مجبور ہیں۔ فلسطینیوں کا حالیہ جرأت مندانہ اقدام درحقیقت ”شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ” کی مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب مظلوم فلسطینیوں کو آزادی نصیب ہو گی اور قبلہ اول کے دروازے تمام امت مسلمہ کے لیے کھل جائیں گے