اسلام آباد (صباح نیوز) آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایڈیشن میں کل دو میچ کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گاجو صبح 10 بجے شروع ہوگا،دوسرا میچ جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دن ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن بھارت میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔میگا ایونٹ میں ہفتہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا پہلا میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا جو صبح دس بجے شروع ہوگا۔
دوسرے میچ میں جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیمیں ارون جیٹلی سٹیڈیم، دہلی کے مقام میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ دن ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ مردوں کے ون ڈے کرکٹ فارمیٹ کا عالمی ٹورنامنٹ ہر چار سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔ 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔