اسلا م آباد(صبا ح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مری اورگلیات جانے والے سیاحوں بلخصوص فیملیز سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے عوامی رش کی وجہ سے سفر کرنے سے فی الحال گریز کریں ۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ برفباری کی وجہ سے اسوقت مری اور گلیات میں سیاحوں کا بے پناہ رش ہے۔ تقریبا ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں اسلام آباد کے راستے مری اور گلیات کی طرف جا چکی ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ اسلام آباد اور مری انتظامیہ عوامی سہولت کے لئے 24 ک گھنٹے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتے ہوئے عوامی رش کی وجہ سے مری کی جانب ٹریفک کی روانی انتہاء سست ہے۔ سیاحوں بلخصوص فیملیز سے اپیل ہے کہ وہ مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے سے فی الحال گریز کریں۔
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی انتظامیہ نے مری جانے والے راستوں کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ مری جانے والے راستوں کو بند کرنے کا فیصلہ شدید برفباری اور سیاحوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔دوسری طرف ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سیاحوں کو سہولیات دینے میں ناکام ہو گئی ہیں، سیاح گاڑیوں میں محصور ہیں جبکہ ، مری میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مری سمیت دیگر علاقوں کا رخ کررہی ہے ، اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے بروقت انتظامات کو سراہتا ہوں ۔انہوں نے مزید لکھا کہ میری سیاحوں سے اپیل ہے کہ براہ کرم مقامی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں اور کسی بھی مشکل سے بچیں ۔